امریکی صدر کے قریبی ساتھی اور حکومت میں اہم عہدہ رکھنے والے ایلون مسک نے آری اٹھا کر اعلان کیا ہے کہ یہ بیورو کریسی کے لیے ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارب پتی کاروباری شخصیت اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم مشیر ایلون مسک نے ایک تقریب میں آری لہرا کر اور یہ اعلان کر کے کہ ’’یہ بیورو کریسی کے لیے ہے‘‘ اپنے عزائم کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ میں ارجنٹینا کے صدر ہاویئر میلی نے محکمہ حکومتی کارکردگی کے سربراہ ایلون مسک کو مشینی آری کا تحفہ دے کر سب کو حیران کر دیا۔
تاہم اس سے زیادہ تقریب کے شرکا کو حیرانی ایلون مسک کے ردعمل پر ہوئی، جس میں ٹرمپ کے قریبی دوست اور حکومتی مشیر نے تحفے میں ملنے والی آری کو ہاتھوں میں اٹھا کر لہراتے ہوئے کہا کہ یہ بیورو کریسی کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال نومبر میں دوسری مدت کے لیے صدر امریکا منتخب ہونے کے بعد کابینہ تشکیل دیتے ہوئے اپنی قریبی دوست اور ارب پتی کاروباری ٹائیکون ایلون مسک کو محکمہ حکومتی کارکردگی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔
ایلون مسک نے اپنی نامزدگی کے اعلان کے فوری بعد تمام سرکاری اخراجات کی تفصیل آن لائن پبلک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ڈیموکریسی نہیں بلکہ بیورو کریسی کے لیے خطرہ ہیں۔
ویڈیو دیکھیں: ’’صدارت ایلون مسک کے حوالے کر دی‘‘، ٹرمپ کا امریکی میڈیا پر گہرا طنز