بھارت میں گٹر کے پانی سے سبزیاں دھونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سبزی فروش کی سبزی کو بازار میں فروخت کرنے سے قبل گٹر کے پانی میں دھونے کی حیران کن ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو کو ایک شخص نے ریکارڈ کیا جو مہاراشٹر کے الہاس نگر میں کھیمانی مارکیٹ میں تھا۔
پوسٹ آفس کے قریب بنائی گئی ویڈیو میں دکاندار کو پتوں والی سبزیاں کھلے نالے میں ڈوبتے ہوئے دکھایا گیا ہے، کچھ دکانداروں کو بھی اسی گندے پانی سے بالٹیاں بھرتے اور انہیں فروخت کے لیے رکھتے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں اس شخص کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے، یہ دیکھئے دوست، یہ آدمی میتھی بیچ رہا ہے، یہ کس پانی سے دھو رہے ہو؟ یہ دیکھیں یہ آدمی گٹر کے پانی سے میتھی دھو رہا ہے۔‘
وائرل ویڈیو پر متعلقہ رہائشیوں نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے غیر صحت مندانہ طریقوں میں ملوث دکانداروں کے خلاف فوری کاررروائی کریں۔
ضلعی صدر بندھو دیشمکھ نے دکانداروں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تاہم متعلقہ حکام نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔