بھارت میں خاتون نے رکشہ ڈرائیور کی چپل سے پٹائی کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بنگلورو میں سڑک پر ہونے والے جھگڑے نے اس وقت نیا موڑ اختیار کر لیا جب خاتون نے آٹو ڈرائیور کو چپل سے مارنا شروع کردیا۔
یہ واقعہ ہفتہ کو بیلندور کے سینٹرو مال کے قریب پیش آیا اور کیمرے میں قید ہوگیا۔ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون اصل میں بہار کی رہنے والی ہے اور فی الحال بنگلورو میں رہائش پذیر ہے۔ وہ آٹو رکشہ ڈرائیور کو اپنی چپل سے متعدد بار مارتے ہوئے دیکھی گئی جب کہ اس نے سکون سے یہ سارا منظر اپنے فون پر ریکارڈ کیا۔ مبینہ طور پر یہ لڑائی دوپہر 3 بجے کے قریب اس وقت شروع ہوئی جب مشرا اور اس کے شوہر جو موٹرسائیکل پر جارہے تھے رکشہ سے ٹکرا گئے۔
واقعہ کے بعد آٹو ڈرائیور نے پولیس میں شکایت درج کروائی اور کہا کہ اس پر بغیر کسی وجہ کے حملہ کیا گیا۔ اس کی شکایت پر پولیس نے خاتون کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔
بعد میں بیلندور پولیس نے خاتون سے پوچھ گچھ کی، جہاں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈرائیور نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور اسی وجہ سے انہوں نے اس کی پٹائی کردی۔
دوسری ویڈیو میں خاتون آٹو ڈرائیور کے پاؤں چھوتی اور معذرت کرتی نظر آ رہی ہے۔ خاتون نے کہا کہ میں گھبرا گئی کیونکہ میں حاملہ ہوں اور جب آٹو ہماری گاڑی سے ٹکرایا تو میں نے خود کو غیر محفوظ محسوس کیا۔