بھارت میں پراسرار خاتون دروازے کی گھنٹی بجا کر غائب ہوگئی جسے دیکھ کر لوگوں کے ہوش اُڑ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار کے رہائشی پراسرار خاتون کی رات کے وقت دروازے کی گھنٹی بجانے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پریشان ہیں۔
راجہ منڈی اور سونا گارڈن کے علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کے کئی کلپس میں عورت کو بظاہر رات میں غائب ہونے سے پہلے دروازے کی گھنٹی بجاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ مویشی اور آوارہ کتے اس کی موجودگی میں عجیب و غریب ردعمل کا اظہار کرتے ہیں جب وہ وہاں سے گزر رہی ہے شلوار قمیض پہنے خاتون نے اپنا چہرہ لمبے دوپٹہ سے ڈھانپ رکھا ہے۔
چہرہ واضح نظر نہ آنے اور کوئی اسے پہچاننے والا نہ ہونے کی وجہ سے رہائشی اس کے ارادوں کے بارے میں حیران رہ گئے ہیں۔
اس معاملے میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نرنجن شرما نے کہا کہ کوئی شکایت درج نہیں کی گئی ہے، لیکن اسٹیشن انچارج کو گشت بڑھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ابھی تک کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کی گئی ہے۔ تاہم، پولیس اس خاتون کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔”