دوران پرواز پائلٹ کو دل کا دورہ پڑ جائے تو دوسرا پائلٹ مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرتا ہے لیکن اگر طیارے میں ایک ہی پائلٹ موجود ہو اور اس طرح کا واقعہ پیش آجائے تو کیا ہوگا؟
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں چھوٹے طیارے میں پائلٹ شوہر کو دل کا دورہ پڑا تو اہلیہ جو طیارہ اڑانا بھی نہیں جانتی تھیں انہوں نے حیران کن طور پر باحفاظت جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کردی۔
69 سالہ کینانی ویلز نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے صورتحال سے آگاہ کیا تاکہ باحفاظت لینڈنگ میں اس کی مدد کی جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کے شوہر ایلیٹ الپر کو جمعہ کی سہ پہر دوران پرواز دل کا دورہ پڑا تھا۔
لاس ویگاس میں مقیم خاتون نے پہلے کبھی ہوائی جہاز نہیں اڑایا تھا لیکن شوہر کی اچانک طبیعت بگڑنے پر اس کے پاس کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں تھا۔
جوڑا لاس ویگاس کے ہینڈرسن ایگزیکٹو ہوائی اڈے سے مونٹیری، کیلیفورنیا جا رہا تھا، جب افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
ہوائی اڈے پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے خاتون کی رہنمائی کی گئی جس کے بعد وہ قریبی ہوائی اڈے پر باحفاظت لینڈنگ کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔
بعدازاں پائلٹ کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن اس کی حالت کے بارے میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ 2 انجنوں والا بیچ کرافٹ کنگ ائیر 90 طیارہ تھا۔