حال ہی میں بیٹے والدین بننے والے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے نومولود بیٹے کے نام کا مطلب سامنے آگیا۔
اسٹار بھارتی بلے باز ویرات اور اہلیہ انوشکا کی جانب سے منگل 20 فروری کو اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس اعلان کے بعد ہی انٹرنیٹ پر موجود مداح جوڑے کے بیٹے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں لگ گئے۔
زیادہ تر صارفین ویرات اور انوشکا کے نومولود بیٹے ’اکائے‘ کے نام کے معنی تلاش کرنے میں لگے ہوئے تھے۔
سنسکرت اور ترکی دونوں زبانوں میں اس لفظ ’اکائے‘ کا مختلف مطلب ہے۔ ترکی میں، اس کا مطلب ہے ’چمکتا ہوا چاند‘ جبکہ سنسکرت میں اس کا مطلب ہے ’نیراکار‘ یا ’امر‘۔
ہندو افسانوں کے مطابق بھگوان شیو کو امر سمجھا جاتا ہے۔ اس لیے، ’آکاے‘ نام کی بڑی اہمیت ہے۔ 2020 میں کوہلی خراب فارم کے بعد سے مذہب اور روحانیت کی طرف مائل ہوگئے تھے اور نام کا انتخاب اس بات کو ظاہر بھی کرتا ہے۔
جوڑے نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو اس خبر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو یہ بتاتے ہوئے بہت زیادہ خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ 15 فروری کو، ہم نے اپنے بیٹے ’آکائے‘ اور وامیکا کے چھوٹے بھائی کو اس دنیا میں خوش آمدید کہا ہے!
ہم اپنی زندگی کے اس خوبصورت وقت میں آپ کی نیک خواہشات کے خواہاں ہیں۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اس وقت ہماری پرائیویسی کا احترام کریں۔
واضح رہے کہ کوہلی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر بھارت اور انگلینڈ کے مابین پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں سے اچانک دستبرداری اختیار کر لی تھی۔ بعد ازاں اسٹار بلے باز نے بقیہ تین ٹیسٹ میچوں میں بھی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔