بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے 7 اپریل کو ہونے والے آئی پی ایل میچ کے دوران ٹی ٹوئنٹی میں 13 ہزار رنز مکمل کرلئے، جس کے بعد وہ یہ اسکور کرنے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں۔
ویرات کوہلی کو یہ کارنامہ سرانجام دینے کے لیے آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان کھیلے جارہے میچ میں 17 رنز کی ضرورت تھی، جو انہوں نے با آسانی بنالئے۔
کوہلی ویسٹ انڈین کھلاڑی کرس گیل کے بعد 403 ویں ٹی ٹوئنٹی میچ کی اپنی 386 ویں اننگز میں 13 ہزار رنز مکمل کرکے ٹی ٹوئنٹی میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے دوسرے تیز ترین بلے باز بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں اب تک کل 5 بلے بازوں نے 13 ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔
اس سے قبل بھارت کے سابق لیجنڈری کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اور اسٹار بیٹر کوہلی کے درمیان ہمیشہ سے ایک لائن رہی ہے۔
اپنی بہترین قائدانہ صلاحیت کی بنا پر بلیو شرٹس کو تینوں آئی سی سی ایونٹس جتوانے والے دھونی نے کہا کہ ویرات کوہلی شروع سے ہی ایسا شخص تھا جو اپنا حصہ ڈالنا چاہتا تھا وہ 40 یا 60 رنزسے کبھی خوش نہیں ہوا وہ 100 رنز بنانا چاہتا تھا اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہنا چاہتا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اس میں وہ بھوک شروع سے ہی موجود تھی اس نے اپنی بلے بازی کو بہتر کیا اور کارکردگی دکھانے کی اس کی خواہش ابھی بھی موجود ہے، اس نے ہمیشہ اپنی فٹنس کی سطح کو بلند کیا۔
مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ ہمارے درمیان بہت ساری بات چیت ہوتی تو اور ہم کھل کر اپنا نقط نظر پیش کرتے تھے، شروع میں یہ ایک کپتان اور ایک نئے آنے والے پلیئر کے درمیان ہونے والی گفتگو کی طرح تھا۔
سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ آپ میں زیادہ بات چیت ہو تو آپ پھر دوست بن جاتے ہیں لیکن میں اب بھی محسوس کرتا ہوں کہ میرے اور کوہلی کے درمیان سینئر اور ایک جونیئر لائن ہے، حالانکہ اب بھی ہماری دوستی ہے۔
سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اب ہم دونوں کپتان بھی نہیں ہیں جس کا مطلب ہے کہ ہم ٹاس سے پہلے زیادہ وقت گزار سکتے ہیں اور بات چیت کرسکتے ہیں۔
ظہیر خان نے بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی خواہش ظاہر کردی
خیال رہے کہ کوہلی کو جب کپتانی سے ہٹایا گیا تھا تو ان کاکہنا تھا کہ انھیں صرف ایک کرکٹر نے کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد پیغام بھیجا تھا اور وہ مہندر سنگھ دھونی تھے۔