بھارتی مایہ ناز کرکٹر ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما نے بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے سابق کوچ راج کمار شرما نے تصدیق کی ہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما بچوں وامیکا اور آکائے سمیت بھارت چھوڑ کر جلد لندن شفٹ ہوجائیں گے۔
شرما نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں بس اتنا اشارہ دیا ہے کہ کوہلی بھارت چھوڑ کر جلد لندن منتقل ہوں گے اور ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی وہاں گزاریں گے۔
واضح رہے گزشتہ چند سالوں میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کو لندن میں دیکھا گیا۔
ان کے بیٹے آکائے کی پیدائش رواں سال 15 فروری میں لندن میں ہوئی تھی، لندن میں ان کا گھر ہے اور ممکنہ طور پر وہ اسی میں منتقل ہوجائیں گے۔
راج کمار شرما نے بتایا کہ اس وقت کوہلی کرکٹ کے علاوہ اپنا زیادہ تر وقت اہلخانہ کے ساتھ گزار رہے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ویرات کوہلی لندن میں موجود تھے جبکہ سری لنکا کیخلاف سیریز کے لیے واپس آئے تھے پھر وہ دوبارہ برطانیہ گئے اور اگست تک وہیں رہے تھے۔
ہوم سیزن کے آغاز پر ویرات بھارت آئے اور بنگلا دیش کیخلاف سیریز، اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد یہی رہے اور اپنے چاہنے والوں کے ساتھ سالگرہ منائی۔
فی الحال ویرات کوہلی آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں اس کے بعد اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچتی ہے تو وہ ٹیم کا حصہ ہوں گے لیکن یہ علم نہیں ہے کہ ان کا اگلا دورہ لندن کب ہے تاہم ممکنہ طور پر 2025 کے آغاز میں وہ برطانیہ جاسکتے ہیں۔