اولڈ ٹریفورڈ: ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں ویرات کوہلی نے ون ڈے میں تیز ترین 11 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں ویرات کوہلی نے تیز ترین 11 ہزار رنز مکمل کرکے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ویرات کوہلی نے 222 اننگز میں سنگ میل عبور کیا جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 11 ہزار مکمل کرنے کے لیے 276 اننگز کھیلی تھیں۔
آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 286 اننگز میں 11 ہزار رنز مکمل کرکے تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
MILESTONE ALERT 🚨#TeamIndia Skipper #ViratKohli breaches the 11k run mark in ODIs 💪💪🇮🇳 pic.twitter.com/TMzuZjL5FW
— BCCI (@BCCI) June 16, 2019
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے میچ میں ویرات کوہلی نے 77 رنز کی اننگز کھیلی انہیں محمد عامر نے آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کم ترین اننگز میں 19 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کرنے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا تھا۔
ویرات کوہلی نے یہ اعزاز 399 اننگز کھیل کر حاصل کیا تھا، اس سے پہلے 432 اننگز کے ساتھ یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا۔
کوہلی نے 19 ہزار انٹرنیشنل رنز کا ریکارڈ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں مکمل کیا تھا۔