نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں تین ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے یہ سنگ میل احمد آباد میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں عبور کیا، بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز1-1 سے برابر کردی۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا یہ 87واں میچ تھا جس میں انہوں نے تین ہزار کا ہندسہ عبور کیا، کوہلی نے میچ میں 49 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی۔
کوہلی کے بعد نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل ہیں جنہوں نے 99 میچز میں 2839 رنز بنارکھے ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر روہت شرما ہیں جنہوں نے 109 میچز میں 2773 رنز بنائے ہیں۔
واضح رہے کہ کوہلی نے 87 میچز میں 50.86 کی اوسط سے تین ہزار رنز بنائے ہیں اور اب تک کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں ان کی اوسط 50 سے زائد ہے۔
یاد رہے کہ دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 164 رنز بنائے تھے بھارت نے مطلوبہ ہدف 17.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا، ڈیبیو میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے پر ایشان کشن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔