منگل, دسمبر 10, 2024
اشتہار

ویرات کوہلی کا وہ منفرد ریکارڈ، جو شاید کبھی نہ ٹوٹ سکے!

اشتہار

حیرت انگیز

ویرات کوہلی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپر اسٹار ہیں جنہوں نے کئی ریکارڈ بنا رکھے ہیں لیکن ایک ایسا اچھوتا ریکارڈ ہے جو شاید کوئی نہ توڑ سکے۔

ویرات کوہلی کی پہچان دنیا کے بہترین بلے باز کے طور پر ہے لیکن انہوں نے کرکٹ کی تاریخ کا جو نا قابل یقین ریکارڈ بنایا ہے وہ اپنے بلے سے نہیں بلکہ بولنگ سے بنایا ہے۔
ویرات کوہلی دنیائے کرکٹ کے وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہیں بغیر کوئی گیند کرائے وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ سال 2011 میں انگلینڈ کے خلاف میچ تھا جب ویرات کوہلی نے کوئی آفیشل گیند پھینکے بغیر انگلش بیٹر کیون پیٹرسن کی وکٹ حاصل کر لی تھی۔

- Advertisement -

ہوا کچھ یوں تھا کہ کوہلی نے گیند کرائی جو وائیڈ تھی۔ اس کو پیٹرسن نے کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش کی لیکن اپنی کوشش میں ناکام رہے، گیند مِس ہو کر وکٹوں کے پیچھے کھڑے دھونی کے پاس گئی اور انہوں نے اسٹمپ کرنے میں لمحے بھر کی تاخیر نہ کی۔

دنیائے کرکٹ میں ایک سے بڑھ کر ایک بولرز گزرے ہیں لیکن یہ ایسا ریکارڈ ہے جو شاید ہی آنے والے وقت میں کوئی کرکٹر توڑ سکے۔

دریں اثنا ویرات کوہلی کے کئی ایسے ریکارڈ بھی ہیں جن کا ٹوٹنا ناممکن نہیں لیکن مشکل ضرور ہے۔

ویرات کویلی کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ 35 میچوں کی 33 اننگز میں 15 نصف سنچریوں کے ساتھ 1292 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے 2014 کے ایڈیشن میں 319 رنز بنائے جو اب تک کسی بھی بلے باز کی جانب سے ایک ایونٹ میں بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

ویرات کوہلی عالمی کرکٹ میں تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ ویرات نے یہ سنگ میل 205 اننگز میں حاصل کیا جب کہ ان کے پیش رو سچن نے اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے 259 اننگز کھیلی تھیں۔
کوہلی کو بیسٹ چیزر بھی کہا جاتا ہے کیونکہ وہ ہدف کے تعاقب میں دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔ وہ ہدف کے تعاقب میں 27 بار تھری فیگرز اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح یاب کرا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک ریکارڈ ایسا بھی ہے جو بہت ہی دلچسپ ہے اور وہ یہ ریکارڈ ہے کہ انہیں کسی بھی ٹیسٹ کی پہلی اننگ مٰں صفر کی خفت اٹھانے کے بعد دوسری اننگ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ کارنامہ انہوں ن ے 2018 میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں سری لنکا کے خلاف انجام دیا تھا۔

اس کے علاوہ ویرات کوہلی کو بھارت کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان اور اپنی کپتانی کے دوران ریکارڈ 7 ڈبل سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے جو کوئی کپتان انجام نہیں دے سکا ہے۔ وہ ایک روزہ میچ میں 50 سنچریاں بنانے والے دنیا کے واحد بلے باز بھی ہیں۔

انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا یہ ریکارڈ ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں انہی کے سامنے توڑا تھا۔ سچن ٹنڈولکر اس وقت وانکھیڈے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر یہ میچ دیکھ رہے تھے۔

ویرات کوہلی کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 8 ہزار، 9 ہزار، 11 ہزار، 12 ہزار اور 13 ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ویرات واحد کھلاڑی بھی ہیں جنہوں نے آئی سی سی ایونٹس میں تین ‘پلیئر آف دی ٹورنامنٹ’ ایوارڈز جیتے ہیں۔ 2011-2020، آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر (2 بار)، آئی سی سی مینز او ڈی آئی پلیئر آف دی ڈیکیڈ، آئی سی سی او ڈی آئی پلیئر آف دی ایئر (4 بار) قرار پائے، انہیں 2016، 2017 اور 2018 میں وزڈن لیڈنگ کرکٹر آف دی ورلڈ کا اعزاز بھی دیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں