ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو دنیا کا مشکل ترین باؤلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستانی فاسٹ باؤلر کا سامنا کرنے سے خوف زدہ ہوتے ہیں۔
بھارتی ٹی وی کی جانب سے دیوالی کے موقع پر خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا جس میں ویرات کوہلی اور عامر خان نے شرکت کی اور نجی زندگی کے بارے میں پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات دیے۔
مشکل ترین باؤلر کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر ویرات کوہلی نے کہا کہ محمد عامر دنیا کا واحد باؤلر ہے جس کا سامنا کرتے ہوئے مجھے گھبراہٹ ہوتی ہے کیونکہ وہ مشکل ترین باؤلر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب عامر باؤلنگ پر ہو تو بیٹنگ بہت احتیاط سے کرنی پڑتی ہے تاہم پاکستانی فاسٹ باؤلر کے پاس وہ خصوصیت موجود ہے کہ وہ آرام سے کسی بھی بلے باز کو آؤٹ کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پابندی کے بعد جب محمد عامر نے گزشتہ سال اگست میں دوبارہ اپنے کریئر کا آغاز کیا تو بھارتی کپتان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عامر ہمیشہ سے نمایاں باؤلر ہیں انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی اس لیے وہ آج گراؤنڈ میں موجود ہیں‘۔
انوشکا شرما کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر ویرات نے کہا کہ وہ بھارتی اداکارہ کو پسند کرتے ہیں تاہم اُن کی وقت پر نہ آنے کی عادت بھارتی کپتان کے لیے تکلیف کا باعث بھی ہے۔
پڑھیں: ویرات نے انوشکا کو پیار سے مخاطب کرنے والا نام بتا دیا
ویرات نے مزید بتایا کہ انوشکا اور میرے تعلقات دوستانہ اور گہرے ہیں اور میں اُسے پیار سے نوشکی کہتا ہوں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بھارتی اداکارہ کی وجہ سے اُن کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوا۔