کہا جاتا ہے جس کو اللہ رکھے اس کو کون چکھے ایک خطرناک حادثے میں ٹرک نے اسکوٹی کچل دی مگر خاتون کا بال بیکا نہ ہوا۔
سڑک پر حادثات ہونا اور اس میں قیمتی جانوں کا ضیاع کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ لیکن اگر کسی خوفناک حادثے میں گاڑی مکمل تباہ ہو جائے لیکن اس کے سوار کو خراش تک نہ آئے۔ ایسے واقعات شاذ ونادر ہی ہوتے ہیں۔
ایسا ہی ایک ناقابل یقین حادثہ بھارت میں پیش آیا جہاں اترپردیش کے ایک گاؤں کے قریب سڑک پر اینٹوں سے لدا ٹرک پیچھے آنے والے اسکوٹی پر چڑھ گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں اسکوٹی مکمل کچلی گئی مگر اس کو چلانے والی خاتون کا بال بیکا تک نہ ہوا۔
یہ حیرت انگیز واقعہ سڑک پر لگے ایک سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوا جو بعد میں سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سڑک پر اینٹوں سے لدے ٹرک کے پیچھے اسکوٹی چلاتے ہوئے خاتون جا رہی ہے۔ اچانک ٹرک رک جاتا ہے اور پھر پیچھے کی طرف چلنا شروع کر دیتا ہے۔
خاتون اسکوٹی ڈرائیور پہلے تو یہ منظر دیکھ کر قدرے حیران ہوتی ہے، لیکن ٹرک جیسے ہی قریب آتا وہ وہ حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکوٹی سے چھلانگ لگا دیتی ہے جبکہ ٹرک اسکوٹی پر چڑھ کر اس کا کچومر نکال دیتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اگر ایک لمحہ بھی تاخیر ہوتی تو خاتون بھی اس سنگین حادثے کی زد میں آکر شدید نقصان اٹھا سکتی تھی۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین خاتون کے بچ جانے کو قدرت کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں جبکہ اکثریت ٹرک ڈرائیور کی لاپروائی پر غصہ کا اظہار کر رہی ہے۔