کراچی: پاکستانی لڑکیوں نے ملک کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے کمر کس لی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کو درپیش 12 بڑے مسائل اور ان کے حل کے لیے نیشنل انکوبیشن سینٹر (این آئی سی) کراچی نے امریکی قونصل خانے اور ایشیا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے 3 روزہ آن لائن کاروباری آئیدیاز کے مقابلوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ان مقابلوں میں 28 شہروں سے 18 سال سے 35 سال کی 600 سے زائد لڑکیاں حصہ لے رہی ہیں، اس پروگرام کا مقصد مختلف شعبہ جات کو درپیش مسائل کے جدید حل کی نشان دہی کرنا ہے، اور قوم کی بیٹیوں کو قوم کا قابل فخر اثاثہ اور انھیں بااختیار بنانا ہے۔
ان مقابلوں سے خواتین کی معاشی اور سیاسی شراکت، اور تکنیکی ترقی میں اضافہ ہوگا، تعلیمی میدان تک رسائی بہتر ہوگی۔
امریکی قونصل خانے کی پبلک افیئرز آفیسر ایمی کرسچن، ایشیا فاؤنڈیشن کی نمائندہ صوفیہ شکیل اور نیشنل انکوبیشن سینٹر کراچی کے پروگرام منیجر سید اظفر حسین نے پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ اسٹارٹ اپ آئیڈیاز کے رجحان میں پاکستان کی معاشی صلاحیت کو آگے بڑھانے میں اس ہیکاتھون کا کردار نہایت اہم ہے۔
ان مقابلوں سے منتخب 20 ٹیموں کو نیشنل انکوبیشن سینٹر کراچی میں سرمایہ کاری اور بزنس آئیڈیاز کو عملی جامہ پہنانے کا بھی موقع دیا جائے گا۔
پروگرام کی اختتامی تقریب 5 نومبر 2020 کو منعقد کی جائے گی جس کے دوران 20 شارٹ لسٹ ٹیمیں ججز پینل کے سامنے اپنے آئیڈیاز پیش کریں گی۔
مسائل کے بہترین حل پیش کرنے والی 2 ٹیموں کو 5 ہزار ڈالرز کی رقم آئیڈیا کو میدان عمل میں لانے کے لیے فراہم کی جائے گی۔