ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ نے وضاحت پیش کی ہے کہ سفری پابندی سے متاثرہ غیرملکیوں کے اقامے اور خروج وعودہ ویزے کی مفت توسیع کی جارہی ہے۔
جوازات کا کہنا ہے کہ سفری پابندی والے ممالک سے تعلق رکھنے والوں کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں مرحلہ وار 31 جنوری 2022 توسیع کی جا رہی ہے جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ جوازات کی جانب سے اختیاری توسیع کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے اسپانسرز اپنے زیر کفالت کارکنوں کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کے لیے مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد مطلوبہ سروس حاصل کر سکتے ہیں۔
جوازات کا کہنا تھا کہ حکومتی رعایت کے تحت جو توسیع کی جاتی ہے اس میں کوئی فیس ادا نہیں کی جاتی، بغیر فیس کی ادائیگی کے اقاموں اورخروج و عودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک توسیع کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت نے یہ اقدام ان غیرملکیوں کے لیے اٹھایا جو سفری پابندی کے باعث مملکت نہیں لوٹ سکتے تاہم بعض لوگوں کا خیال ہے کہ مفت توسیع کا دائرہ مزید وسیع کیا جاسکتا ہے۔