لاہور: فاسٹ بولر محمد عامر ویزہ ملنے میں تاخیر کے سبب آج رات ٹیم کے ہمراہ برطانیہ روانہ نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر ویزہ ملنے میں تاخیر کے سبب آج رات ٹیم کے ہمراہ برطانیہ روانہ نہیں ہوسکیں گے، محمد عامر کی بدھ کو برطانیہ روانگی کا امکان ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم دورہ برطانیہ کے لیے آج رات کو روانہ ہوگی، قومی ٹیم 11 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی جبکہ انگلینڈ کے خلاف 24 مئی اور یکم جون کو ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔
ستائیس رکنی اسکواڈ میں 16 کھلاڑی اور 11 آفیشلز برطانیہ روانہ ہوں گے، برطانیہ روانگی سے قبل قومی ٹیم کے لیے دو تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی تھی۔
واضح رہے کہ محمد عامر پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہونے سے بچ گئے تھے، بلے باز کے ایک اسٹروک پر گیند سیدھی عامر کے پاؤں پر لگی تھی، بولر کو چوٹ لگنے پر ساتھی کھلاڑیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی بعدازاں واضح ہوا کہ کوئی سیریس انجری نہیں ہوئی، عامر بعد میں بولنگ کے لیے آئے اور ایک اوور بھی کرایا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز ہمیشہ مشکل ہوتی ہیں تاہم ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہونے کے باوجود تینوں ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے پر عزم ہیں۔