بھارت میں اسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور پر مریض کی آنکھ نکال کر اس کی جگہ کانچ کا کنچہ فٹ کردیا، مریض کا کہنا ہے آپریشن سے پہلے جتنا نظر آرہا تھا وہ بھی غائب ہوگیا۔
بھارت کے شہر جھارکھنڈ کے رہائشی موتیا کے مریض نے الزان عائد کیا ہے کہ دوران علاج اسپتال انتظامیہ نے اس کی آنکھیں چرالی ہیں۔
گنگادھر نامی مریض کا کہنا ہے کہ سرجن نے آنکھ کے آپریشن کے دوران اس کی اصلی آنکھ نکال کر اس کی جگہ کنچہ یعنی کانچ کی گولی فٹ کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دراصل گنگا دھر سمیت آٹھ مریضوں نے گذشتہ برس 18 نومبر کو جمشید پور کے مقامی اسپتال میں آنکھوں کا آپریشن کروایا۔ آپریشن کے بعد کسی کی بینائی تو واپس نہیں البتہ ان کی رہی سہی بینائی بھی ختم ہوگئی۔
ان مریضوں کا کہنا ہے کہ آپریشن سے قبل انہیں جتنا نظر آتا تھا اب وہ بھی نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام لوگوں کو آپریشن کے 24 گھنٹے کے اندر اسپتال سے واپس گھروں کو روانہ کردیا گیا۔
گنگادھر سنگھ آپریشن کے بعد جب واپس گھر آیا تو اس کی بائیں آنکھ میں مسلسل درد رہنے لگا، علاج کے بعد جب گنگادھر نے گھر میں اپنی آنکھیں رگڑیں تو ایک آنکھ سے شیشے کا گول ٹکڑا نکل کر زمین پر آگرا۔
مریض کو تب انکشاف ہوا کہ اس کی آنکھ نکال کر اس کی جگہ شیشے کی گولی لگا دی گئی ہے۔
اس کے گھر والوں نے اس سلسلے میں اسپتال سے رابطہ بھی کیا، سول سرجن نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے جس کے بعد ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔