اشتہار

ویوین رچرڈ نے بابر اعظم کی بڑی خوبی بتا دی

اشتہار

حیرت انگیز

دنیائے کرکٹ میں اپنی بلے بازی سے دھاک بٹھانے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر ویون رچرڈ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بڑی خوبی بتا دی۔

ویوین رچرڈ جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں اپنی دلفریب اور جارحانہ بلے بازی سے دنیائے کرکٹ کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا وہ خود پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم کے فین نکلے اور اس کا اعتراف انہوں نے لاہور میں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ویوین رچرڈ جو پاکستان جونیئر لیگ میں گوادر شارکس کے مینٹور ہیں ان دنوں لاہور میں موجود ہیں جہاں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ میں ہمیشہ سے بابر اعظم کا فین رہا ہوں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کپتان کے بہت زیادہ ٹیکنیکل ہونے پر لوگ ان پر تنقید بھی کرتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ بابراعظم رضوان یا دوسروں کی طرح بھڑکیلا اور جوش والا بیٹر نہیں ہے بلکہ وہ خاموشی سے سب کچھ حاصل کرنے والا بیٹر ہے اور اس نے یہ ثابت کیا ہے یہی اس کی سب سے بڑی خوبی ہے۔

ویوین رچرڈ نے کہا کہ بابر اور رضوان بہترین اوپننگ جوڑی ہے جو بہت اچھا کھیل رہے ہیں اسی لیے پاکستان کے مڈل آرڈر کو چانس نہیں مل رہا، میں سمجھتا ہوں کہ بابر کو مڈل آرڈر پر کام کرنا ہے تاکہ اگر وہ جلد آؤٹ ہوجائٰں تو مڈل آرڈر اس قابل ہو کہ صورتحال کو سنبھال سکے۔

سابق ویسٹ انڈین کپتان نے پاکستان ٹیم کے ہوم سیریز میں انگلینڈ سے ہارنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا انگلینڈ سے ہارنے کے بعد اعتماد میں کمی آئی ہے،لاہور میں انگلینڈ سے ہارنے پر مجھے بہت مایوسی ہوئی تھی، پاکستان ایک باصلاحیت ٹیم ہے، اسے بہتری کے لیے ابھی تھوڑا کام کرنا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انگلینڈ نے پاکستان میں شاندار کرکٹ کھیلی، میرے خیال میں اس کو رواں ماہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ویسٹ انڈیز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت جہاں ہے اس پر مجھے افسوس ہے، ٹیم نے ورلڈ کپ کے مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے، وہ ایک اچھی سائیڈ ہے، اگر ویسٹ انڈیز ایک بار کوالیفائی کر گئی تو پھر یہ ایک بڑی قوت ثابت ہو گی۔

ویوین رچرڈ نے پاکستان جونیئر لیگ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پی سی بی نے دنیا بھر کے نوجوانوں کو پاکستان جونیئر لیگ شروع کر کے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، جس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا اور یہاں کارکردگی دکھا کر وہ مستقبل میں بڑے مواقع حاصل کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ ہمیشہ کہا ہے کہ پاکستان کو ہمیشہ بہت اچھا ٹیلنٹ ملتا ہے اور اب یہاں بہت ٹیلنٹ دکھائی دیا، یہ بات ماننی ہو گی کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا مستقبل ہے اور مستقبل کے لیے کرکٹرز کو تیار کیا جا رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں