ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے 5 ویں بار ملک کے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق کریملین میں سرخ قالین سج گیا، منگل کو ولادیمیر پیوٹن نے پانچویں بار آئندہ 6 سال کی صدارتی مدت کے لیے حلف اٹھا لیا۔
کریملن پیلس میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں موجود وزرا اور دیگر افراد سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ ہم متحد اور عظیم لوگ ہیں، ہم سب مل کر تمام رکاوٹوں پر قابو پالیں گے۔ انھوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ہم اپنے تمام منصوبوں کو مکمل کریں گے اور ہم مل کر جیتیں گے۔
یاد رہے کہ ولادیمیر پیوٹن نے رواں برس مارچ میں ہونے والے ملک کے صدارتی انتخابات میں 87.28 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔
ولادیمیر پیوٹن
پیوٹن 7 اکتوبر 1952 کو لینن گراڈ (اب سینٹ پیٹرزبرگ) میں پیدا ہوئے، انھوں نے 1975 میں لینن گراڈ اسٹیٹ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا اور سوویت یونین کی اسٹیٹ سیکیورٹی کمیٹی (KGB) میں خدمات انجام دیں۔
1990 میں سوویت یونین میں واپس آنے کے بعد پیوٹن نے سینٹ پیٹرزبرگ اور ماسکو میں مختلف ذمہ داریاں انجام دیں، جن میں سٹی گورنمنٹ اور صدارتی ایگزیکٹو آفس کے عہدے بھی شامل ہیں۔ وہ اگست 1999 میں وزیر اعظم بنے اور 31 دسمبر 1999 کو بورس یلسن کے مستعفی ہونے پر روس کے قائم مقام صدر بنے۔
پیوتن نے 26 مارچ 2000 کو صدارتی انتخاب جیتا اور 14 مارچ 2004 کو دوسری مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے، اس کے بعد وہ 2008 سے 2012 تک روس کے وزیر اعظم رہے۔ مارچ 2012 میں پیوٹن نے صدارتی انتخاب جیتا، پھر 2018 میں دوبارہ روس کے صدر منتخب ہوئے، مارچ 2024 میں انھوں نے آزاد امیدوار کے طور پر صدارتی انتخابات میں حصہ لیا اور ایک بار پھر صدر منتخب ہو گئے ہیں۔