کراچی : پی آئی اے کی جانب سے رضاکارانہ اسکیم کے تحت فارغ ہونے والے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کے چیک جاری کردیئے گئے۔
قومی ایئر لائن پی آئی اے نے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم سے مستفید ہونے والے ملازمین کو ادائیگیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا، علیحدگی اسکیم سے مستفید ملازمین کو پراویڈنٹ فنڈ کی مد میں چیک جاری کردیئے گئے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے حصے پر مبنی رقم وی ایس ایس واجبات کے ساتھ ادا کی جائے گی، حکومت کی جانب سے وی ایس ایس کیلئے9ارب84کروڑ روپے نیشنل بینک منتقل کیے گئے ہیں۔
وی ایس ایس واجبات کی رقم کے چیکس کی توثیق اکاونٹنٹ جنرل آف پاکستان کرے گا جس کے بعد واجبات اور بقیہ پراویڈنٹ فنڈ کی رقم کے چیک ملازمین کو دئیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایئرلائن انتظامیہ وی ایس ایس واجبات کے چیک اگلے ہفتے سے باقاعدہ جاری کرے گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ فنڈ ز کی مکمل ادائیگی آئندہ ہفتوں میں مکمل کرلی جائے گی، ترجمان نے بتایا کہ سی ای او دو ہزار ملازمین کو واجبات کی جلد ادائیگی کے لئے کوشاں ہیں۔