بھارت کی ریاست تلنگانہ میں الیکشن کے دوران شہری ووٹ کیلیے کم پیسے ملنے پر خودکشی کرنے کی کوشش میں شدید زخمی ہوگیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عجیب و غریب واقعہ شہر حیدر آباد میں پیش آیا جہاں ایک سیاسی جماعت کے رہنما نے نارائنا نامی شہری سے ووٹ کے بدلنے میں رقم دینے کا وعدہ کیا تھا۔
نارائنا کے گھر میں کُل چار ووٹ ہیں اور اس سے وعدہ کیا گیا کہ ایک ووٹ کے بدلنے میں اسے ایک ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔ شہری کے دونوں بچوں نے سیاسی جماعت کو ووٹ کاسٹ کیا جس کیلیے اسے 2 ہزار روپے ملے۔
اس نے سیاسی جماعت کے رہنما سے مزید 2 ہزار روپے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اور اس کی اہلیہ بھی ووٹ ڈالیں۔ وہ صبح سے شام تک رہنما کے پیچھے گھومتا رہا لیکن اسے پیسے نہیں دیے گئے۔
جب گاؤں والوں نے نارائنا اور اس کی اہلیہ پر ووٹ کاسٹ کرنے کیلیے دباؤ ڈالا تو وہ شدید برہم ہوا۔ اس نے پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا دی جس کی وجہ سے اس کے جسم کا زیادہ تر حصہ جھلس گیا۔
علاقہ مکینوں نے نارائنا کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ متاثرہ شہری نے یہ نہیں بتایا کہ کون سی سیاسی جماعت کے رہنما نے اس سے ووٹ خریدے۔