کراچی: کرکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک میں مسلسل پرفارم کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی ہے۔ ٹیم کے لیے میرا واپس آنا خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹر وہاب ریاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ میں برا نہیں کھیلی، آخری اوورز میں ویری ایشنز کرنا پڑیں گی۔ ورلڈ کپ میں ملک اور قوم کے لیے کھیلیں گے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی ہے، میں تیار ہوں۔ والد صاحب کی خواہش تھی ورلڈ کپ کھیلوں، خواب آتے تھے، خواب میں مکی آرتھر سے ملاقات ہوئی تھی۔ خواب میں انضمام الحق کی کال آئی کہ تم ورلڈ کپ کے لیے جا رہے ہو۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، دباؤ ہے لیکن 2 سالوں میں بہت تیاری کی ہے۔ بیٹنگ میں لڑکوں نے بہت کوشش کی جو مثبت ہے۔ بولنگ میں کلک نہیں کر سکے جس سے نقصان ہوا ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ باؤنڈری پر کیچز پکڑے جاتے تو نتائج مختلف ہوتے، ڈومیسٹک میں مسلسل پرفارم کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی ہے۔ ٹیم کے لیے میرا واپس آنا خوش آئند ہے۔ مجھے جب کال آئی تھی بتایا گیا تھا لندن جانے کے لیے تیاری کرنی ہے۔ ورلڈ کپ میں بڑی چیز جذبے سے کھیلنا ہے۔ قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے آپ کو ورلڈ کپ کے لیے تیار رکھا تھا، جنید کو ٹیم سے باہر ہونے پر بہت افسوس ہوگا۔ میری نیک تمنائیں تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں۔ تنقید کرنا ناقدین کا کام ہے، فٹنس پر محنت کر رہا ہوں، فٹنس نہیں ہوگی تو ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتا۔