بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں شدید بارشوں کے سبب زیر تعمیر اپارٹمنٹ کی دیوار گر گئی بچے سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن جو ان دنوں شدید بارشوں کی زد میں ہے۔ یہ واقعہ منگل کی شب میڈچل ملکاجگری ضلع کے باچوپلی رینوکا کالونی میں پیش آیا جہاں ایک زیر تعمیر اپارٹمنٹ کی دیوار گرنے سے بچے سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ جن میں سے 6 مزدور تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو ملبے سے نکالا جن کی شناخت ہمانشو (4 سال)، تروپتی راؤ (20)، شنکر (22)، راجو (25)، رام یادو (34)، گیتا (32) اور خوشی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ہلاک ہونے والے مزدور مہلوک اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے رہائشی تھے۔
حیدرآباد اور تلنگانہ کے کچھ اضلاع میں منگل کی شام تیز ہواؤں کے ساتھ بھاری بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور درخت اکھڑ گئے جب کہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔