جمعرات, دسمبر 12, 2024
اشتہار

چین سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ ملک بن گیا، امریکی اخبار کا اعتراف

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: امریکی بزنس اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل نے اعتراف کیا ہے کہ چین سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ جگہ بن گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وال اسٹریٹ جرنل نے چین میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چین نے ٹیکنالوجی اسٹارٹ اَپس (نئی کمپنیاں) میں گزشتہ برس وینچر فنڈنگ کی ریکارڈ رقم کو راغب کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ نے ‘ہارڈ ٹیک’ پر اپنی تمام تر توجہ منتقل کر دی ہے، اور چینی ٹیک اسٹارٹ اَپس نے زبردست پیسہ اپنی طرف کھینچا ہے، جس کی وجہ سے چین سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ مقام بنا ہوا ہے۔

- Advertisement -

رپورٹ میں پریچن انویسٹمنٹ ڈیٹا بیس کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 2021 میں وینچر کیپیٹل سرمایہ کاروں نے چین میں 129 ارب امریکی ڈالرز، 5 ہزار 300 سے زائد اسٹارٹ اَپ میں لگائے جو 2018 کے 115 ارب ڈالرز کے آخری ریکارڈ سے زائد ہے۔

گزشتہ برسوں کے برعکس جب زیادہ تر چینی ٹیک فنڈنگ ای کامرس میں انٹرنیٹ اسٹارٹ اَپس میں گئی، گزشتہ برس زیادہ تر سرمایہ کاری سیمی کنڈکٹرز، بائیو ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں کی گئی۔

ڈیٹا کے اعداد و شمار کے مطابق، چینی اسٹارٹ اَپس میں سرمایہ کاری، جس میں پرائیویٹ ایکویٹی فنانسنگ بھی شامل ہے، 2021 کی پہلی تین سہ ماہیوں میں 165 بلین ڈالر تک پہنچ گئی، جو کہ 2017 میں 190 بلین ڈالر کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے والی ہے۔

سرمایہ کاری میں اس تیزی سے پتا چلتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کچھ ٹیکنالوجی فرمز پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی کوششوں، اور چین اور امریکا کے درمیان وسیع تر مالیاتی مسائل کے باوجود چین سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر کتنا مقبول ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں