سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ کے مقابلے میں میٹا کی جانب سے لانچ کیا گیا سوشل پلیٹ فارم ’تھریڈز‘ پر اکاؤنٹ بنانے والوں کیلیے بُری خبر آگئی۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی جانب سے پلیٹ فارم پر طرح طرح کی پابندیاں عائد کیے جانے سے صارفین تنگ آ چکے ہیں۔ ایسے وقت میں تھریڈز کی لانچنگ ان کیلیے امید کی نئی کرن ہے تاہم تھریڈز پر اکاؤنٹ بنانے سے قبل یہ خبر ضرور پڑھیں۔
کسی بھی سوشل میڈیا نیٹ ورک پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد اسے باآسانی ڈیلیٹ بھی کیا جا سکتا ہے لیکن تھریڈز کے ساتھ معاملہ کچھ اور ہے۔ یہاں اگر کسی نے ایک بار سائن اپ (Sign Up) کرلیا تو پھر اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ نہیں کر سکتا۔
تھریڈز کی پرائیویسی پالیسی کا مطالعہ کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ صارف کے سائن اپ کیے جانے کے بعد اس پر سے اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کیا جا سکتا البتہ اکاؤنٹ کو غیر فعال (Deactivate) کرنے کا آپشن موجود ہے۔
پالیسی میں بتایا گیا کہ تھریڈز کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کیلیے صارف کو انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا تاہم اگر تھریڈز کا اکاؤنٹ غیر فعال کرتا ہے تو اس سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
میٹا کا نیا سماجی رابطے کا پلیٹ فارم 5 جولائی کو لانچ کیا گیا۔ اس کی لانچنگ کے کچھ ہی گھنٹوں بعد 30 ملین صارفین نے اکاؤنٹس بنائے جس میں دنیا کی نامور شخصیات بھی شامل ہیں۔