لاہور : 16 سال سے مطلوب اشتہاری ملزم کروشیا سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے سال 2008 میں ساتھیوں کیساتھ مل کرشہری کے گھر ڈکیتی کی واردات کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 16 سال سے مطلوب اشتہاری ملزم کروشیا سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ڈکیتی مقدمےمیں مطلوب اشتہاری ملزم کی شناخت افتخاراحمدکےنام سےہوئی، ملزم کو کروشیا سے گرفتار کرکے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیاگیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نےملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا، ملزم 16 سال سے پنجاب پولیس کومطلوب تھا، ملزم کے خلاف تھانہ اگوکی، سیالکوٹ میں مقدمہ درج تھا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم نے سال 2008 میں ساتھیوں کیساتھ مل کرشہری کے گھر ڈکیتی کی واردات کی تھی تاہم ملزم کو ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے پنجاب پولیس حکام کےحوالےکردیا ہے۔
ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آبادکی انٹرپول کروشیاکیساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سےممکن ہوئی ، جدیدٹیکنالوجی سےآراستہ این سی بی انٹرپول 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطےمیں ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئےتمام تروسائل کوبروئےکارلائے جارہے ہیں۔