مکہ المکرمہ : عازمین حج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد مزدلفہ کے لیے روانہ ہوگئے۔
عازمین حج وقوف عرفہ کے بعد آج کی رات مزدلفہ میں گزاریں گے، مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرینگے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے میدان عرفات میں پریس کانفرنس کی اور میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ رواں برس 150 سے زائد ممالک سے آئے ہوئے عازمین کی تعداد 18 لاکھ 45 ہزار 45 رہی، عازمین کی عرفات منتقلی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ میدان عرفات میں ہر طرف لبیک اللھم لبیک، لبيك لا شريك لك لبيك، ان الحمد والنعمۃ لك والملك، لا شريك لك کی صدائیں گونجتی رہیں، لاکھوں مسلمان میدان عرفات میں اللہ کے حضور دعاؤں میں مصروف ہیں اور گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگ رہے ہیں۔
فيديو | لقطات من وصول طلائع الحجاج إلى صعيد عرفة بعد منتصف الليل وسط انسيابية عالية للحركة المرورية
بعدسة مراسل #الاخبارية احمد البرتاوي#بسلام_آمنين pic.twitter.com/MXBqX2qeIZ
— قناة الإخبارية (@alekhbariyatv) June 26, 2023
قبل ازیں عازمین حج نے مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ سُنا جس کا ترجمہ اردو سمیت 20 زبانوں میں نشر بھی کیا گیا۔
شیخ یوسف بن سعید نے کہا کہ زبان، رنگ اور نسل کا فرق لڑائی جھگڑے کی وجہ نہیں بلکہ یہ کائنات میں خدا کی نشانیوں میں سے ایک ہے۔ قرآنی احکامات اتفاق، باہمی محبت اور قلبی ربط کی تاکید اور فرقہ بندیوں اور اختلاف سے منع کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ 8 ذی الحج جسے عربی میں یوم ترویہ کہا جاتا ہے حجاج نے منی میں خیمہ بستی میں قیام کیا اور پانچوں وقت کی نمازیں ادا کرنے کے بعد میدان عرفات کے لیے روانہ ہوئے۔