کراچی: سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کی کپتان سرفراز احمد کی فٹنس پر کی جانے والی تنقید پر معین خان برہم ہوگئے، معین خان نے راولپنڈی ایکسپریس کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق شعیب اختر اور معین خان کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کرگئی، معین خان نے کہا کہ شعیب اختر خود فٹ ہوتے تو پاکستان کے لیے پانچ سو وکٹیں لیتے۔
راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ 450 انٹرنیشنل وکٹیں تو میں نے لے رکھی ہیں لیکن اگر آپ پاکستان کے ساتھ سنجیدہ ہوتے تو جس وقت راشد لطیف آئے تھے جو ایک بہتر بلے باز اور وکٹ کیپر تھے تو آپ کو گلوز چھوڑ دینے چاہئے تھے۔
شعیب اختر نے معین خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اکیلے سیریز جتوائیں، معین خان اس بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: شعیب اختر نے سرفراز احمد کو موٹاپے کا شکار قرار دے دیا
سابق کپتان معین خان نے کہا کہ سرفراز احمد کی فٹنس پر سوال اٹھانے والے انضمام الحق کے خلاف کیوں نہیں بولے۔
شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان میں پتا نہیں کیسے کیسے لوگوں کو کپتان بنادیا جاتا ہے، آپ بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلے لیکن ہماری بدقسمتی تھی کہ ہم معین خان کی کپتانی میں کھیلے۔
واضح رہے کہ ایک نجی ٹی وی پر تجزیہ کرتے ہوئے شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز کے حوالے سے کہا تھا کہ ان کا وزن بڑھ گیا ہے اور انہیں وکٹ کیپنگ میں مسائل پیش آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ راولپنڈی ایکسپریس کو بھی اپنے کیریر کے آخر میںفٹنس اور بڑھتے وزن کے مسائل کا سامنا رہا تھا. یہ بھی یاد رہے کہ سری لنکا کو 1996 کا ورلڈ کپ جتوانے رانا ٹنگا ایک فربہ کرکٹر تھے.