پاکستانی میوزک انڈسٹری کے لیجنڈری گلوکار وارث بیگ نے کوک اسٹوڈیو کو ’جوک اسٹوڈیو‘ قرار دے دیا۔
وارث بیگ پاکستان کے سب سے سریلی اور باصلاحیت گلوکاروں میں سے ایک ہیں، وہ اپنی پرجوش پرفارمنس کے لیے مشہور ہیں، وارث بیگ کا گلوکاری کا شاندار کیریئر تھا جس میں انہوں نے بے شمار گانے گائے جنہوں نے دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کے دل جیت لیے۔
View this post on Instagram
حال ہی میں وارث بیگ نے احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، پوڈ کاسٹ میں انہوں نے کوک اسٹوڈیو کی ساکھ کے بارے میں بات کی۔
کوک اسٹوڈیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے وارث بیگ نے کہا کہ مجھے کوک اسٹوڈیو کی جانب سے کوئی آفر نہیں ملی، اس کے پیچھے کی وجہ کیا ہے نہیں معلوم لیکن میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اس لیے نہیں بلایا کیونکہ میں اوریجنل گانا پروڈیوس کرتا ہوں اور کوک اسٹوڈیو کا پیٹرن مختلف ہے، کوک اسٹوڈیو کا اپنا گانا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ کوک اسٹوڈیو والوں نے 14، 15 سالوں میں اپنا کوئی گانا تیار نہیں کیا، پسوری 15 سال بعد آئی لیکن اس سال کا کوک اسٹوڈیو فلاپ رہا، باقی تو سارے گانے انہوں نے پرانے ہی بنائے ہیں، کوئی ملتان کا فوک سانگ ہے، کوئی پاکستانی فوک سونگ ہے۔
وارث بیگ نے کہا کہ یہ گانوں کو صرف Redo کررہے ہیں، Redo کرنا کونسا کمال ہے؟ آپ مجھے دیدیں، میں ایک دن میں 5 گانے کا Redo کردونگا، اس میں گٹار اور ڈرم ڈال کر اس کا میوزک نیا ہی کرنا ہے اور کیا کرنا ہے؟ اس میں آپ کی اپنی تخلیق کیا ہے؟ میں سمجھتا ہوں یہ تو جوک اسٹوڈیو ہے۔