آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے وارنر کو سڈنی میں الوداعی میچ کا موقع دیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر کو اگلے ہفتے سڈنی میں پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں برقرار رکھتے ہوئے الوداعی میچ ان کے آبائی شہر سے دیا گیا ہے۔
وارنر نے جون میں کہا تھا کہ وہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اپنے 12 سالہ ٹیسٹ کیریئر کا اختتام کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں ان کی یہ خواہش پوری ہو رہی ہے۔
چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا کہ قومی سلیکشن پینل نے اسی ٹیم کو میلبورن سے سڈنی تک برقرار رکھا ہے کیونکہ ہم ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ڈیوڈ وارنر کے آخری ٹیسٹ میچ اور ان کے ہوم گراؤنڈ پر ان کے ناقابل یقین کیریئر کا جشن منانے کے منتظر ہیں۔
آسٹریلیا کا سکواڈ: پیٹ کمنز (کپتان)، سکاٹ بولانڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، مارنس لیبوشین، نیتھن لیون، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک اور ڈیوڈ وارنر۔