ڈیڑھ ماہ سے ورلڈ کپ مہم کے لیے بھارت میں موجود آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر میگا ایونٹ کے دوران سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام جاری کر دیا ہے۔
آسٹریلیا ٹیم ورلڈ کپ سے دو ہفتے قبل بھارت آگئی تھی جہاں اس نے میگا ایونٹ کی تیاری کے لیے میزبان ٹیم سے تین ایک روزہ میچز بھی کھیلے یوں آسٹریلوی کھلاڑیوں کو وطن اور گھر سے دور ہوئے ایک ماہ سے زائد وقت ہو چکا ہے جب کہ 19 نومبر کو ورلڈ کپ کے اختتام پر کینگروز نے بھارت کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز بھی اسی سر زمین پر کھیلنی ہے اس لیے ان کا قیام لگ بھگ دو ماہ ہو جائے گا۔
ایسے میں وطن سے دور آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو اپنے اہلخانہ بالخصوص بیٹیوں کی یاد ستانے لگی ہے اور انہوں نے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
وارنر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر جاری کیے گئے اپنے جذباتی پیغام میں فیملی کی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ خود، ان کی اہلیہ اور تین بیٹیاں نظر آ رہی ہیں۔
وارنر نے جذباتی پیغام لکھا ہے کہ اپنے خاندان سے دور رہنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔ میری بیٹیوں میں تمہاری کمی بہت زیادہ محسوس کر رہا ہوں۔ میں تمہارے ساتھ بہترین وقت گزارنے کے لیے زیادہ دیر انتظار نہیں کر سکتا۔ ہم جلد ہی ساتھ ہوں گے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا ٹیم اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے چار میچز جیت کر 8 پوائنٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے اور اس کے تین میچز ابھی باقی ہیں۔