بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

وسیم اختر کی باغ ابن قاسم کا معاہدہ کالعدم قرار دینے کی درخواست

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کو دینے کا معاہدہ کالعدم قراردینے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ وسیم اختر کا کہنا ہے باغ ابن قاسم کے ایم سی کے پاس ہی ہے کسی کو نہیں دیا۔

تفصیلات کے مطابق باغ ابن قاسم پر ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کا جھگڑاعدالت جا پہنچا، میئر کراچی وسیم اختر نے عدالت میں پارک سے متعلق معاہدہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وسیم اختر نے مؤقف اختیار کیا کہ باغ ابن قاسم کے ایم سی کا اثاثہ ہے، صوبائی حکومت کا اس پر اختیار نہیں، باغ ابن قاسم پر معاہدے میں کے ایم سی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کا احترام کرتے ہیں لیکن پارک عوام کا ہے،ان کیلئے مخصوص اوقات متعین کرنا درست نہیں۔

وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں اور بھی مقامات ہیں جہاں پارک بنائے جاسکتےہیں، باغٖ ابن قاسم کی دیکھ بھال کا ٹھیکا پیپلزپارٹی کے بندے کو دیا گیا، یہ پارک عوام کا ہے جب چاہیں آجاسکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں باغ ابن قاسم عوام کےلیے کھلا رہے، باغ ابن قاسم کھلنے،بند کرنے کے اوقات کیوں مقررکیے جارہے ہیں۔

سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا کہ پارک کے ایم سی سے لے لیا، جب بینچ بیٹھے گا تو معاملے پر بہت سی الجھنیں دور ہوجائیں گی، درخواست سندھ حکومت کے نوٹی فکیشن کیخلاف دائر کی ہے، آٹھ سال سے ہم حکومت میں نہیں تھے باغ کی یہ حالت سندھ حکومت کے زیرانتظام ہوئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پارکس کی حالت بہت خراب ہے، بہتری لانے کے لیے پیسے نہیں ، ہم چاہتے ہیں آرکیٹکٹ پارک کا مناسب ڈیزائن بنائے، ایک طرف کےفور لایا جارہا ہے، سوال یہ ہے کہ پانی کراچی کو کیسے ملے گا۔

وسیم اختر نے سندھ میں دو دو آئی جیز کی تعیناتی کو پیپلزپارٹی کی بیڈ گورننس قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی بدانتظامی بہت بڑھ چکی ہے۔


مزید پڑھیں : ملک ریاض کا اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق کے بغیر بن قاسم پارک لینے سے انکار


خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی کے مئیر وسیم اختر کو مطلع کیے بغیر ابن قاسم پارک کو بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کئے حوالے کردیا تھا، جس پر مئیر کراچی نے صوبائی حکومت سے شکوہ کیا تھا۔

جس کے بعد بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق کے بغیر بن قاسم پارک لینے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز اب جب تک درخواست نہیں کریں گے پارک نہیں بناؤں گا،عوام کی بھلائی کےلئے پیسہ خرچ کرنا چاہ رہے ہیں، کوئی کچرے میں ہی خوش ہے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہمیں جو علاقہ صفائی کے لئے دیا گیا ہم نے وہاں کام کردیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں