کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں میں 40 افراد کی اموات ہوئیں، یہ نظام ٹھیک کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے خصوصی پریس کانفرنس میں کیا۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ ایف آئی آرز کٹوائیں اور ہم کامیاب ہوئے۔
وسیم اختر کے مطابق درخشاں تھانے میں والدین نے ایف آئی آر درج کرائی، خوشی ہے کہ کم از کم نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات کیں۔
اجتماعی قتل کامقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے، کسی کے خلاف نہیں، کراچی کا سسٹم ٹھیک کرنا چاہتا ہوں، جب تک نظام ٹھیک نہیں ہوگا، لوگ یوں ہی مرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: بارشوں سے سندھ میں 3 ہزار 871 ہیکٹر فصلیں تباہ
میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ بچے گٹر میں گر کرمر رہے ہیں، انفرااسٹرکچرتباہ ہوگیا ہے، لیکن کہیں سنوائی نہیں ہے۔
وسیم اختر کے مطابق ہمیں کراچی کے لیے الزامات کی سیاست سے نکلنا ہوگا، عوام رل رہے ہیں، کراچی کو فنڈز کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ بارشوں میں کراچی کے عوام کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ نشیبی علاقوں میں کئی کئی روز تک پانی بھرا رہا، عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی۔