کراچی: شہر قائد کے میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ 40 سال سے سوال کر رہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کب ملے گا؟ سندھ کے حکمران جماعت نے صوبے سے صرف پیسہ بنایا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ کا جو حال پیپلز پارٹی نے کیا وہ سب کے سامنے ہے، صوبے کا حال مجھ سے زیادہ عوام جانتے ہیں، یہاں کے عوام حکمرانوں سے سوال پوچھتے ہیں۔
میئر کراچی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ
پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اربوں روپیہ کھایا ہے، یہ جماعت صاف پینے کا پانی 10 سال تک نہیں دے سکی، انہیں عوام کا کوئی خیال نہیں، پی پی نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا وہ اب تک پورا نہیں کیا، میں اپنے اختیارات مانگتا ہوں تو کہا جاتا ہے کہ میں جھوٹ بول رہا ہوں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا تھا کہ کراچی کا حق مارا گیا اور اسے محروم رکھا جارہا ہے اور یہ کوئی نئی بات نہیں کراچی کے ساتھ ایسا ہمیشہ ہوتا آیا ہے، ہم نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دن رات ایک کردی، سچی نیت کے ساتھ شہر کے لیے کام کر رہے ہیں اور شہریوں کو کام ہوتا نظر بھی آرہا ہے۔
وفاقی بجٹ میں کراچی کے لیے کوئی اسکیم نہیں رکھی گئی: میئر کراچی
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم جانتے ہیں کراچی میں بے شمار مسائل ہیں لیکن انہیں حل بھی کررہے ہیں، پانی وسیوریج کے مسائل نے شہریوں کی زندگی مشکل کردی، سندھ حکومت نے کبھی کراچی کا نہیں سوچا، شہر کو ہمیشہ محرومیوں میں رکھا جاتا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔