کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر سے کچرا اٹھانے کے لیے ہر قسم کی دستیاب سہولیات کو بروئے کار لا رہے ہیں جس کے لیے ابتدائی مرحلے میں 2 ضلعوں کو آؤٹ سورس کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے ضلع وسطی میں کچرے کی صورتِ حال کا جائزہ لیتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہی گئی انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے 8 سال میں کچرا اٹھانے کا نظام درست نہیں کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی منصبہ بندی کی۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن میسر وسائل میں زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ٹھانی ہے اس لیے ابتدائی طور پر 2 ضلعوں کو آؤٹ سورس کیا ہے اور اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ان دونوں ضلعوں میں سے کچرا اٹھا لیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کراچی میں پرانے درخت دوبارہ لگانےکی کوشش کر رہے ہیں تاکہ بساط بھر تک شہر میں آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافے کو روکنے میں کامیاب رہ سکیں۔
وسیم اختر نے کہا کہ سڑکوں پر جو لائٹس نظر آرہی ہیں پہلے وہ بھی نہیں تھیں یہ 8 سال کا بگاڑ ہے جو آہستہ آہستہ بہتر کر رہے ہیں اور پُر امید ہیں کہ اس شہر کی رونقیں دوبارہ بحال کرنے میں کامیاب رہیں گے۔