کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے ہیڈ کوارٹر نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ وسیم اختر نے کوئی اعترافی بیان نہیں دیا ہے اُن پر من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں تمام تر الزامات کے باوجود ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر ہی رہیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کنور نوید جمیل نےاس بات کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر ہی رہیں گے ،وسیم اختر کے حوالے سوشل میڈیا پر چلنے والے اعترافی بیان جھوٹ کا پلندہ ہے یہ من گھڑت،جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ہیں جن کی کوئی آئینی حثیت نہیں کیوں کہ جے آئی ٹی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
نامزد میئر وسیم اختر نے سانحہ 12کے حوالے سے منسوب جھوٹی خبروں کی تردید اور مذمت اپنے وکلاء کے پینل سے کراچی سینٹرل جیل میں ملاقات کے موقع پر اپنے ہاتھ سے لکھے گئے خط میں کی جو متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے بدھ کے روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں منعقدہ پرہجوم پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے پیش کیا اور اسے پڑھ کر سنایا ۔ پریس کانفرنس ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کی جبکہ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عارف خان ایڈووکیٹ اور ساتھی اسحاق بھی موجود تھے۔
انہوں نےبتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد حق پرست میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا پر سانحہ12مئی کے اپنے سے منسوب جھوٹے اعترافی بیان کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میڈیا پر اس حوالے سے چلنے والی ساری خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں اور میں نے سانحہ 12مئی کے حوالے سے کوئی اعترافی بیان دیا ہے نہ ہی 12مئی کے حوالے سے کوئی نئے انکشافات کئے ہیں بلکہ میں اپنے پچھلے بیانات کا اعادہ کرتا ہوں کہ اس سانحہ کی اعلیٰ عدلیہ سے اوپن انکوائری کروائی جائے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہاکہ ٍ ٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍ12مئی کا واقعہ وقوع پذیر ہونے کے بعد سب سے پہلے ایم کیوایم نے ہی اس کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا تھا اس کی وجہ یہ تھی کہ اس میں ایم کیوایم کے 14بے گناہ کارکنان شہید ہوئے تھے ، ویسے اس میں بہت ساری سیاسی جماعتوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے کارکنان بھی شہید ہوئے ہیں لیکن باقی سب جماعتوں کے بیانات بیانات تک ہی محدود رہے ۔انہوں نے کہاکہ ہائی کورٹ کے سیٹنگ ججز پر مشتمل ایک کمیشن 12مئی کے حوالے سے تشکیل دیا گیا تھا اور انہوں نے اس پورے سانحہ کی تفصیل سے سماعت کی اور اس کی رپورٹ بھی آئی جس میں ایم کیوایم سے وابستہ کسی رکن کو یا کسی رہنما پر کوئی الزام نہیں لگایا گیا نہ ہی کسی کو نامزد کیا گیا اور کراچی بدامنی کیس میں بھی مسلسل اس کا ذکر رہا اور اس میں بھی کسی ایم کیوایم کے رہنما یا کارکن کو ملوث نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کراچی کے لوگوں میں یہ احساس مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جارہا ہے کہ کراچی کو ایک کالونی کی طرح سے ڈیل کیاجارہا ہے اور کراچی کے لوگوں کو کسی کالونی کے باشندے ، محکوم لوگوں کی طرح سے ٹریٹ کیاجارہاہے ۔ جب آپریشن کی بات ہوتی ہے تو صرف کراچی میں آپریشن کی ہوتی ہے ،کراچی سے باہر آپریشن ہوگا تو صوبائی حکومت تیار نہیں ہوگی اور کہیں رینجرز پہنچ جائے گی تو انہیں گرفتار کرکے حوالات کی سزا دلائی جائے گی ۔
آخر میں کنور نوید جمیل نے اس بات کا اعادہ کیا کراچی کے میئر کے لیے ایم کیوایم کے امیدوار وسیم اختر ہی رہیں گے اور انشاء اللہ پر جھوٹے مقدمات اور اعترافی بیانات کی قلعی جلدکھل گئی ہے اور وہ بھی ان مقدمات سے سرخرو ہو باعزت بری ہوں گے۔