کراچی: سانحہ بارہ مئی کے ساتھ ساتھ وسیم اختر نے کئی دیگر کیسز پر بھی زبان کھول دی، راؤ انوار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے عسکری ونگ اور قبضہ مافیا کے بارے میں وسیم اختر نے سب کچھ بتادیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پپی ملیر راؤ انوار نے دعویٰ کیا کہ وسیم اختر نے بارہ مئی سانحے کے علاوہ بھی کئی کیسز سے پردہ اٹھایا ہے جس میں عسکری ونگ اور قبضہ مافیا کے معاملات بھی شامل ہیں۔
رائو انوار نے دعویٰ کیا کہ وسیم اخترسےتحقیقات کے دوران بہت سے لوگوں کا پتہ چلاہے،حکومت سے بڑی جے آئی ٹی کیلئے درخواست کردی ہے۔
راؤ انوار کا کہنا تھا کہ وہ سانحہ12مئی کے وقت کوئٹہ میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے ،سانحہ12مئی کے کیسز سانحے کے بعد رجسٹرڈ کیے گئے، اُس وقت کے افسران کو چاہیے تھا کہ کیس کی تحقیقات کرتے۔
راؤ انوار نے مزید کہا کہ 12مئی کا کیس اب ہمارے پاس آیا ہے تو تحقیقات کررہے ہیں، وسیم اخترسانحہ12مئی کے وقت وزیرداخلہ سندھ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی حراست میں آنے کے بعد ملزمان سب بتا دیتے ہیں، وسیم اختر پر پولیس ریمانڈ کے دوران کسی قسم کاتشدد نہیں کیا گیا۔