کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ یوم پاکستان اور پی ایس ایل تھری کے فائنل کو یادگار بنائیں گے، پورے شہر کو برقی قمقموں اور خوش آمدید کے بینرز سے سجا کر کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا، بلدیہ عظمیٰ نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وسیم اختر نے کہا کہ پی ایس ایل تھری میں شرکت کیلئے آنے والے تمام کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کیلئے شارع فیصل پر ہوٹل سے ایئرپورٹ تک خوش آمدید بینرز لگائیں گے، اس کے علاوہ برقی قمقمے، کھلاڑیوں کی تصاویر،ایل ای ڈی لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔
میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہونا شہریوں کیلئے بڑی خوشی کاباعث ہے، یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا انعقاد شہریوں کی خوشیوں کو دوبالا کردے گا، فائنل میچ کو یادگاربنانے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی ہرممکن اقدامات کرے گی۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل، کراچی کی قسمت جاگ گئی،انتظامات کیلئے21کروڑمنظور
وسیم اختر نے کہا کہ شہر کی شاہراہوں کو سجانے کے انتظامات بلدیہ عظمیٰ نے مکمل کرلئے ہیں، اس حوالے سے کھلاڑیوں کے روٹس کی سڑکوں کی صفائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، حکومتی اداروں کا ایک دوسرے سے رابطہ اور باہمی تعاون ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فائنل کے موقع پر کے ایم سی کو شہر میں فیومی گیشن کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔