کراچی: انٹرنیٹ پر نامعلوم بچے کی ویڈیو وائرل ہوئی جو انتہائی مہارت کے ساتھ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کروارہا ہے، وسیم اکرم نے ویڈیو دیکھی تو بچے کی تلاش شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹوئٹر پر موجود فیضان نامی صارف ایک منٹ تین سیکنڈ کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’معلوم نہیں یہ بچہ کون ہے، مجھے ویڈیو موصول ہوئی‘۔
فیضان نے ساتھ میں نامور کھلاڑیوں کو وسیم اکرم، رمیز راجہ، شعیب اختر اور شاہد آفریدی کو مینشن کر کے پوچھا کہ بچےکی گیند کروانے کی مہارت کے بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے تقریبا 12 یا 13 سال کی عمر کا بچہ قمیص شلوار زیب تن کیا ہوا ہے اور وہ دوڑ کر آتے ہی گیند کو سامنے رکھی گلی کی طرف پھینکتا ہے، ننھے باؤلر کی ہر گیند میں پیس (رفتار) اور سوئنگ ہے جو اُس کے ٹیلنٹ کی غمازی کررہا ہے۔
I just recieved this video and don’t know about this brilliant kid, want to know your thoughts abt this terrific bowling. @wasimakramlive @shoaib100mph @iramizraja @SAfridiOfficial pic.twitter.com/8JPRQNHlfj
— Faizan Ramzan (@faizanramzank) February 27, 2018
مایہ ناز فاسٹ باؤلر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ویڈیو دیکھ کر دنگ رہ گئے انہوں نے جواب میں لکھا کہ ’کہاں ہے یہ بچہ، اس طرح کا ٹیلنٹ ہماری قوم کی رگوں میں دوڑ رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بچوں کو پلیٹ فارم نہیں ملتا مگر اب وقت ہے کہ ایسے باصلاحیت بچوں کے لیے کچھ کیا جائے، وسیم اکرم نے باصلاحیت نوجوان کو کرکٹ کا مستقبل قرار دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ایسے باصلاحیت بچے موجود ہیں جنہیں اگر مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جائے تو وہ ملک کا نام عالمی دنیا میں روشن کرسکتے ہیں، اسی طرح کے تقریبا 6 باصلاحیت بچوں نے گزشتہ برس ملک کا نام روشن کیا تھا۔