لاہور : سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ وہ نئے پاکستان میں کسی عہدے کے خواہش مند نہیں، جہاں ضرورت پڑی، ملک کی بقا کیلئے کام کریں گے اور سفارشی کلچر کا خاتمہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ نئے پاکستان میں کسی عہدے کے خواہش مند نہیں۔ کپتان کے ساتھ ہیں اور جہاں ضرورت پڑی، ملک کی بقا کے لیے کام کریں گے، نئے پاکستان میں سفارشی کلچر کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دوستی کا ذاتی مراعات سے تعلق نہیں، نئے پاکستان میں سفارشی کلچر کا خاتمہ کریں گے، احسان مانی تجربہ کار ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں ٹف ہیں۔ محمد عرفان اچھا بولر ہے، ٹیم میں واپسی کے لیے کارکردگی دکھانا ہوگی، کرکٹر احمد شہزاد کو اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیئے۔
خیال رہے عمران خان کی حلف برادی کی تقریب میں 1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم نے بھی شرکت کی تھی، جس میں وسیم اکرم بھی شامل تھے۔
اس سے قبل پاکستان کے معروف بالر وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر عمران خان کو آئندہ وزیراعظم بننے پر مبارک باد پیش کی تھی اور پیغام میں کہا تھا کہ کپتان، یہ آپ ہی کی سربراہی تھی کہ ہم 1992ء میں عالمی چیمپئن بن سکے اور آپ ہی کی سربراہی میں ہم ایک عظیم جمہوری ملک بن سکیں گے۔