سوئنگ کے سلطان وسیم اکرام نے جمعہ کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اوور میں کیچ ڈراپ ہونے پر اسامہ میر کے حق میں بیان دیا ہے۔
بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 368 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 305 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ میں اسامی میر نے شاہین آفریدی کی گیند پر مچل مارش کا شاندار کیچ ڈراپ کیا تھا، جس کے بعد مچل مارش نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اے سپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ اسامہ میر ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہا تھا، اورپہلے ہی میچ میں اس سے کیچ ڈراپ ہوگیا۔
سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ اگر اس سے غلطی ہوئی کیچ ڈراپ ہوا، تو اس وقت اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تھی، پوری ٹیم خاص طور پر اسکیپر کو اس کے پاس جانا چاہیے تھا اسے کم بیک کرنا چاہیے تھا، اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تھی۔
وسیم اکرم نے یہ بھی کہا کہ ’ اسامہ میر ایک عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، انگلینڈ کے خلاف اس نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے، یہ کپتان کا کام نہیں اسے بتانا چاہیے کہ وہ کس سائیڈ بہترین فیلڈنگ کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح شاہین آفریدی اور حارث رؤف ہیں، انہین پتا ہے کہ مخالف ٹیم کس طرف کھیل سکتی ہے، انہیں اپنی فیلڈ سائیڈ کا پتا ہے، اسی طرح اسامہ کو بھی اپنی فیلڈ کا پتا ہونا چاہیے۔