ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں تین وکٹیں لینے والے وسیم جونیئر کا کہنا ہے کہ انہوں نے نسیم شاہ کی ٹپس پر عمل کیا جس سے انہیں فائدہ ہوا۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنے اگلے میچ کے لیے بنگلورو پہنچ چکی ہے جہاں وہ ہفتہ 4 نومبر کو نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ دوران سفر پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر وسیم جونیئر نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنی کامیاب بولنگ کا راز بتایا۔
وسیم جونیئر جنہوں نے بنگال ٹائیگرز کے خلاف اہم میچ میں 31 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں ان کا کہنا تھا کہ وہ نسیم شاہ کو مِس کر رہے اور ان سے رابطہ رہتا ہے۔ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف میچز سے قبل ان کی فون پر بات بھی ہوئی۔ نسیم شاہ نے انہیں بتایا کہ وہاں کیسے بولنگ کرنی ہے۔ ان کی ٹپس پر عمل کیا جس کا مجھے اور ٹیم کو بہت فائدہ ہوا۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کو ایک جیت سے مومینٹم چاہیے تھا وہ بنگلہ دیش کے خلاف فتح سے حاصل کر لیا ہے۔ یہ جیت کسی ایک کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی کوششوں سے ملی۔ پہلے نئی بال سے شاہین نے اچھی بولنگ کی اور جلد وکٹیں لے کر ہمارے لیے آسانی کی پھر فخر زمان نے بہترین بیٹنگ کی اور کم بیک کو یادگار بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم پر اعتماد ہے جب کہ اس وقت پاکستانی بولنگ کمبینیشن اچھا چل رہا ہے۔ شاہین اور حارث بہترین بولنگ کر رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف جیسے بولنگ کی کوشش ہوگی نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اسی جذبے کے ساتھ بولنگ کریں اور اچھے مارجن سے میچ جیت کر رن ریٹ کو بہتر بنائیں۔
Kolkata ✈️ Bengaluru
Watch @Wasim_Jnr discuss his bowling form and his chat with @iNaseemShah #CWC23 | #DattKePakistani pic.twitter.com/UAoNjaCmqu
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 1, 2023
وسیم جونیئر کا کہنا تھا ورلڈ کپ میں پاکستان کو مختلف وینیوز پر کھیلنا پڑ رہا ہے جس کا بولرز کو فائدہ ہو رہا ہے کیونکہ مختلف کنڈیشنز میں بولنگ کرنے سے ہمیں تجربہ ہو رہا ہے کہ کس کنڈیشن میں کیسی بولنگ کرنی چاہیے۔