لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیرونِ ملک مقیم وسیم خان کو ایم ڈی پی سی بی تعینات کردیا، مینیجنگ ڈائریکٹر تعینات ہونے والے وسیم خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوکر کرکٹ کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور وسیم خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وسیم خان کی پرفارمنس پرکوئی شک نہیں، پاکستان ہمیشہ اُن کے ساتھ رابطے میں رہا‘۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کی تعیناتی کے لیے قوانین کو مدنظر رکھا گیا، وسیم خان نے کاؤنٹی اور مختلف لیگز کی فرنچائزز کے ساتھ کام کیا مگر اب وسیم خان قومی کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنی خدمات انجام دیں گے‘۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی محکمے کو ختم نہیں کیا جارہا بلکہ بورڈ سب کو ساتھ لے کر چلے گا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سیاست زدہ ہوچکا تھا مگر اب ایسا نہیں ہوگا، میری ذاتی خواہش ہے کہ دنیا پاکستان کو اچھا کام کرتا دیکھے اور تعریف بھی کرے‘۔
اس موقع پر وسیم خان کا کہنا تھا کہ ’اعتماد کرنےپرچیئرمین پی سی بی کا شکریہ اداکرتاہوں، انگلینڈمیں تنخواہ زیادہ تھی مگر پاکستان میں کام کا بہت متمنی تھا اور میری وفاداری ملک کے ساتھ ہی ہے‘۔
ایم ڈی پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’عالمی سطح پر کامیابی میں ہمارا تسلسل نہیں بلکہ گراس روٹ کی سطح پر تبدیلیاں لانا ضروری ہیں، ہم اس شعبے میں ضرور کام کریں گے‘۔
ویڈیو دیکھیں
https://www.facebook.com/PakistanCricketBoard/videos/1130643523779410/
اُن کا کہنا تھا کہ میراکنٹریکٹ3سال کاہے لیکن طویل مدت کے لیے پاکستان میں رہنا چاہتا ہوں، اپنی فیملی کو بھی پاکستان منتقل کررہا ہوں اور اب قومی کرکٹ کی بحالی میں نہ صرف اپنا کردار ادا کروں گا بلکہ اس کے لیے جلد اہداف بھی مقرر کریں گے۔