لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان نے کہا ہے کہ محمد حفیظ کو اپنے کھیل پر توجہ دینی چاہیے اور کسی کے بارے میں صحیح یا غلط رائے دینے سے گریز گریں۔
محمد حفیظ کی جانب سے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے تحفظات کے اظہار پر چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے ان کی کلاس لے لی۔
ان کا کہنا ہے کہ بورڈ کو صحیح یا غلط کا بتانا کسی کھلاڑی کا کام نہیں، دیگر ملکوں میں کرکٹر ایسا نہیں کرتے، محمد حفیظ کو بھی اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھنا چاہیے۔
صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل کو فیصلہ کن بنانے کے لئے تجاویز زیر غور ہیں، بقیہ میچز نومبر میں یا سیزن سکس سے ایک ہفتہ قبل کروائے جاسکتے ہیں،اس حوالے سے تمام فرنچائزز سے بہت جلد ویڈیو کانفرنس کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں سی ای او وسیم خان نے کہا کہ شرجیل خان اسپاٹ فکسنگ کیس میں اپنی سزا کی مدت پوری کر چکے لہٰذا ان کی سلیکشن میں کوئی امر مانع نہیں، کراچی کنگز نے انہیں پی ایس ایل کے لیے منتخب بھی کیا،البتہ قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ سلیکٹرز کو کرنا ہے۔