نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی 20جنوری کو ہونے والی تقریب حلف برداری سے قبل دارالحکومت کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے، واشنگٹن ڈی سی اور اطراف کے علاقوں میں بڑی تعداد میں فوجی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔
تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلیے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے چھ جنوری جیسی کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کی جاسکے۔
سیکیورٹی کے پیش نظر دارالحکومت اور اس کے دفاتر کی عمارتوں اور سپریم کورٹ کے ارد گرد سات سات فٹ تک رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نیشنل گارڈ کے تقریباً پچاس ہزار فوجی تعینات کیے جائیں گے اور ان میں سے بہت سے اسلحے سے لیس ہوں گے، فوجیوں نے دارالحکومت کے تقریبا ہر گوشے میں پڑاؤ ڈال رکھا ہے۔
یاد رہے کہ 6جنوری کو صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی کے دوران پرتشدد ہنگامہ آرائی کی گئی تھی، ان جھڑپوں کے دوران ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد ہلاک ہوئے۔