واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایوارڈ یافتہ سیاسی کارٹونسٹ این ٹیلنس مستعفی ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایمیزون کے بانی اور واشنگٹن پوسٹ کے مالک جیف بیزوس سے متعلق طنزیہ کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ این ٹیلنس مستعفی ہو گئیں۔
کارٹونسٹ این ٹیلنس نے اخبار کے مالک امریکی ارب پتی تاجر جیف بیزوس کے کاروبار سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر احتجاجاً نوکری چھوڑی، اخبار نے کارٹون شائع کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
کارٹون میں جیف بیزوس کے ساتھ ساتھ فیس بک اور میٹا کے بانی مارک زکربرگ اور اوپن اے آئی کے مالک سیم آلٹ مین کو ٹرمپ کے سامنے گھٹنے ٹیکتے اور پیسوں کے تھیلے اٹھائے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
کارٹون میں مکی ماؤس کو بھی سجدے کی حالت میں دکھایا گیا ہے، ڈزنی کی ملکیت اے بی سی نیوز نے پچھلے مہینے ٹرمپ کے دائر کردہ ہتک عزت کے مقدمے کو حل کرنے کے لیے 15 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا رواں ہفتے مستعفی ہونے کا امکان
این ٹیلنس کا کہنا ہے کہ اس کے پچھلے کارٹون بھی مسترد کیے گئے تھے، لیکن یہ پہلی بار تھا کہ اس کے ”نقطہ نظر“ کی وجہ سے کارٹون نہ چھپا ہو، یہ گیم چینجراور آزاد صحافت کے لیے خطرہ ہے۔
این ٹیلنس طویل عرصے سے واشنگٹن پوسٹ سے بہ طور کارٹونسٹ وابستہ رہی ہیں، اخبار کے ادارتی صفحے کے ایڈیٹر ڈیوڈ شپلی نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کارٹون کو ’دہرائے جانے‘ سے بچنے کے لیے شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اس لیے نہیں کہ اس نے اخبار کے مالک کا مذاق اڑایا۔