کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ مئی میں کرونا کے مریضوں کی تعداد انتہا کو چھو سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا مریضوں کی تدفین کے لیے لواحقین قبرستان عملے سے تعاون کریں، شہری قبر کے لیے من پسند جگہ، مخصوص احاطوں پر اصرار نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا مریضوں کی تدفین کے لیے سرجانی ٹاؤن میں 13 ایکڑ رقبے پر قبرستان مختص کیا ہے، تمام ضلعی انتظامیہ قبرستان عملے سے تعاون کرے، امن و امان یقینی بنائے۔
وسیم اختر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بحثیت قوم انتہائی صبر، برداشت سے کام لینا ہوگا۔
مزید پڑھیں: کے ایم سی کو جدید آلات سے لیس ایمبولنس کا عطیہ، میئر کا کروناکٹس نہ ہونے کا شکوہ
واضح رہے کہ اس سے قبل وسیم اختر نے شکوہ کیا تھا کہ ہمارے پاس کرونا ٹیسٹنگ کٹس نہیں ہیں، نجی اسپتالوں سے مانگ کر گزارا کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ ماسٹرموٹرز نے کے ایم سی کو جدید آلات سے لیس ایمبولینس عطیہ کیا تھا۔ اس موقع پر میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ سب کو ایک پیج پر لا کر کرونا سے بچاؤ کا کام کرے۔
خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 529 مریض زیر علاج ہیں، کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 ہزار 289 ہے جبکہ کرونا کے باعث اموات 335 ہوگئیں، صحت یاب مریضوں کی تعداد 3 ہزار 425 ہے۔