کراچی: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کراچی کے میئر کے لیے وسیم اختر اور ڈپٹی میئر کے لیے ارشد وہرہ کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
ایم کیو ایم کراچی اور لندن رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی میں میئراورڈپٹی میئرکے ناموں پرغورکیا گیا۔ اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما ندیم نصرت نے وسیم اختر کو کراچی کا میئر اور ارشد وہرہ کو ڈپٹی میئر نامزد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے میئرشپ کا فیصلہ رائے شماری سے کیا گیا جب کہ رائے شماری میں سو فیصد کسی کا نام بھی نہیں آیا لہذا وسیم اخترکراچی کے میئر اور ارشد وہرہ ڈپٹی مئیر ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایم کیوایم کراچی بلدیاتی انتخابات میں ساری جماعتوں کو کلین سویپ کر کے واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی جس کے بعد کئی مختلف رہنماﺅں کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے نام سامنے آئے لیکن تین روز تک جار ی رہنے والے اجلاس میں آخر کار حتمی ناموں کافیصلہ کر لیا گیاہے۔