کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے صدر اور کوچ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پہلے میچ میں ڈائمنڈ کیٹگری کا پلیئر آؤٹ ہوا تو اس وقت زیادہ غصہ آیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے صدر اور کوچ وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل میں کراچی کنگز کی جیت کا مزا الگ تھا، جیت کا پوری ٹیم، کپتان اور نوجوانوں کھلاڑیوں کو کریڈٹ دوں گا، نئے لڑکوں نے بھی بہت محنت کی اور اچھا کھیل پیش کیا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ آخری بال تک میں دباؤ میں رہا، جب تک آخری ہٹ یا وکٹ نہیں گرجاتی پرسکون نہیں ہوتے، میچ کا ہر لمحہ دباؤ والا ہوتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کراچی کنگز کے کوچ کا کہنا تھا کہ ایک دو ہفتے کھلاڑیوں کو انجوائے کرنے دوں گا اس کے بعد پی ایس ایل 6 کی تیاری ہوگی، نئے لڑکوں پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایک نئے لڑکے کو ایک ہی میچ کھلایا اور اس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بولرز نے میچ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ یہ ایک ناقابل فراموش سال ہے، کورونا وبا، ڈین جونز کا انتقال ایسے بہت سے واقعات رواں سال ہوئے، اس وقت خوشی اور غم کے ملے جلے احساسات ہیں۔