لاہور : قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ شکر ہے میں نے اپنی زندگی میں دیکھ لیا کہ پاکستان نے بھارت کو ورلڈ کپ میں ہرادیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل کا میچ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ریوائیو کا تھا، بھارت سے جیتے جانے والے میچ کے دن دنیا کو پاکستان کے کھلاڑیوں کی صلاحیت کا بخوبی اندازا ہوگیا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ محمد رضوان ڈیڑھ دو سال سے بہت اچھی پرفارمنس دے رہا ہے، اب قومی کرکٹ ٹیم کوآگے کی طرف دیکھنا ہے یہ ایک لمبی ریس ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سوئنگ کے سلطان کا کہنا تھا کہ خدا کا شکر ہے کہ میں نے اپنی زندگی میں ہی دیکھ لیا کہ پاکستان نے بھارت کو ورلڈ کپ میں شکست دے دی ہے۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑی پریکٹس کرکے اسکلز کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں، آپ پریکٹس سے اپنی باؤلنگ اور بیٹنگ بہتر بناسکتے ہو، فٹنس آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ فزیکلی فٹ ہوگئے تو دنیا سے مقابلہ کر پاؤ گے، دنیا کے ٹاپ کرکٹر پہلےاپنی فٹنس کا پورا خیال رکھتے ہیں جو انہیں مستعد اور چا ق و چوبند رکھتی ہے۔
اپنی فٹنس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ سال1988میں میرا آسٹریلیا کا پہلا دورہ تھا تو کپتان عمران خان نے کہا تھا کہ پریکٹس کے بعد سونا نہیں میچ دیکھنا ہے کیونکہ میچ دیکھنے سے بھی آپ بہت کچھ سیکھتے ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہین شاہ آفریدی دنیا کے بہترین بولرز میں شامل ہوچکا ہے تاہم شاہین کو ابھی مزید کارکردگی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، وہ جتنی زیادہ بولنگ کرے گا اس کی پیس اور بڑھے گی۔